لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش کا سلسلسہ وقفے وقفے سے ابھی بھی جاری ہے، جس سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے کہیں موسم خوشگوار ہوا تو کہیں یہی بارش آفت ثابت ہوئی۔لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ، شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ہے، بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، مذکورہ علاقے میں 118 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ پانی والا تالاب میں 89ملی میٹر، مغلپورہ میں 88 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ادھر شرقپور شریف میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، چونیاں شہر اور اس کے مضافات میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی گزشتہ شام اور رات کے وقت ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔
تبصرے بند ہیں.