تحریک انصاف کے بیرونی ایجنڈے کو پاش پاش کردیا: فضل الرحمان

حکومتی اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی تھی ہم نے اس کے ایجنڈے کو پاش پاش کردیا۔ٹانک میں کارکنوں سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت پر تنقید کی، انہوں نے سربراہ تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ یہ شخص ملک دشمن ہے، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف کلمہ حق بلند کیا، تحریک انصاف کا ایجنڈا بیرونی تھا، ہم نے اس کا ایجنڈا پاش پاش کردیا۔ملک میں امن و امان کی صورتحال پر حکومتی اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی بار بار سر اٹھاتی ہے، امن و امان کی ذمہ دار حکومت ہوتی ہے، گزشتہ حکومت نے قیام امن کیلئے کچھ نہیں کیا۔پاکستانی معیشت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظام کے سوا کوئی نظام نہیں چل سکتا، ہم عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بحال کریں گے۔ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹانک کے مسائل سے واقف ہوں، ہم ٹانک میں پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے، گومل زام سے ضلع کو صاف پانی میسر آئے گا۔

تبصرے بند ہیں.