سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کل کا دن اہم اور تاریخی ہو گا، عدلیہ، آئین اور قانون کی فتح ہو گی، جو بھی عدلیہ سے ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جو حکومت منی بل منظور نہیں کراسکی وہ حکومت ختم ہوچکی ہے، آرٹیکل 91 کلاز 7 کے تحت صدر حکومت کو فوری اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں، کل کا دن اہم اور تاریخی ہوگا، عدلیہ،آئین اورقانون کی فتح ہوگی، جو بھی عدلیہ سے ٹکرائےگا پاش پاش ہوجائے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ اکیلی آج پاکستان پہنچ جائیں گی، نوازشریف لندن چلے جائیں گے، الیکشن سارے ہونے ہیں یا پنجاب کے،ہوکر رہیں گے، سماجی اقتصادی اور سیاسی تباہی کا حل صرف الیکشن میں ہے، الیکشن ہوں گے تو امداد بھی مل جائے گی۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا اسحاق ڈار ہمیشہ غلط اعدادوشمار پہنچا کر آئی ایم ایف کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اس بار اعدادوشمار کی ٹمپرنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، آڈیو،ویڈیو ٹیپنگ سے حکومت خود بے نقاب ہورہی ہے، سپریم کورٹ رولز اینڈپروسیجربل پر پہلے ہی سٹے آرڈر دے چکی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے الیکشن فنڈ جاری نہ کرکے آئین شکنی کی ،وہ سیاسی قربانی کا بہانہ تلاش کررہے ہیں، مہنگائی اور غربت کے ہاتھوں اپریل کے مہینے میں 40 سے زائد آدمیوں نے ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں خودکشی کی۔
تبصرے بند ہیں.