واشنگٹن: امریکا کی ایک مسجد میں نماز کے دوران امامِ مسجد جن سجدے میں گئے تو نمازی کے بھیس میں صف میں موجود چاقو بردار شخص نے ان پر حملہ کردیا اسی طرح کینیڈا کی ایک مسجد کے احاطے میں کار سوار نے قاتلانہ حملے کی نیت سے ایک نمازی کو ٹکر مار دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست نیو جرسی کے علاقے پیٹرسن کی ایک مسجد میں فجر کی باجماعت نماز ادا کی جا رہی تھی۔ جیسے ہی امام صاحب سجدے میں گئے پچھلی صفوں میں نمازی کے بھیس میں موجود شخص نے چاقو سے حملہ کردیا۔نمازیوں نے امام مسجد پر چاقو کے وار کرنے والے شخص کی فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے پکڑ لیا۔ پولیسم کے مطابق حملہ آور کی عمر 32 سال ہے اور حملہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔چاقو بردار ملزم کی امام مسجد پر حملے اور پھر فرار ہونے کی کوشش میں پکڑے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اسی طرح کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے ایک واقعے میں کارسوار شخص نے مسجد کے احاطے میں گاڑی ایک نمازی پر چڑھا دی۔ جس سے نمازی شدید زخمی ہوگیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے تعاقب کے بعد کارسوار حملہ آور کو نفرت انگیز جرائم کے الزام میں ٹورنٹو سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت 28 سالہ شیرن کیرونا کیرن کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے محرک جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.