الیکشن کے دن سیکیورٹی میں کسر نہیں چھوڑینگے، نگراں وزیراعظم
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ عوام ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنوں میں ضرور جائیں۔ فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تعینات نہیں کی جائے گی۔مجھے امید ہے کہ تمام پاکستانی اپنے پیارے ملک کے لیے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنوں پر ضرور پہنچیں گے اور الیکشن کے عمل کو کامیاب بنائیں گے۔وہ ہفتے کو وفاقی دارالحکومت میں نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے دوران بنیادی طور پر پولیس، قومی رضا کار اورخصوصی پولیس انتخابی عمل کے حوالے سے امن و امان برقرار رکھنے کے ذمے دار ہیں۔ سول انتظامیہ کی مدد کیلیے ملک بھر میں 70ہزار فوجی جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ فوج انتخابی مواد مختلف اضلاع تک پہنچانے میں مدد دے گی اور6 مئی تک ملک بھر میں جوانوں کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ الیکشن تک کے ضروری ہنگامی پلان بھی مرتب کیے گئے ہیں، اہم برقی و مواصلاتی تنصیبات کی حفاظت کیلیے بھی معقول انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ یہ باتیں ہفتے کو نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتائی گئیں۔ نگراں وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پر امن ماحول میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے دوران امن و امان کے سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ووٹروں کو ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلیے ’’فوری رسپانس فورس‘‘ متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.