ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اٹلی کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، 17 پاکستانیوں کو بچایا گیا، 2 تاحال لاپتہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 8 مارچ کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اسلام اور خواتین کے بارے میں کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے، پاکستان کی طرف سے منعقد کی گئی یہ کانفرنس اقوام متحدہ میں منعقد ہو گی، پاکستان بطور چیئر آف منسٹرز او آئی سی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ اس وقت پر پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے، 4 سے7 مارچ کو جرمنی کے وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فروری میں بھی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم جاری رہے، دو کشمیریوں کو شہید اور 7 کو زخمی کیا گیا، اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں پرگولیاں چلائی گئیں، 400 سے زائد کشمیری رہنما، صحافی اور دانشور بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔
تبصرے بند ہیں.