منیلا: جنوبی فلپائن میں مسلسل ہونے والی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 31 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی فلپائن میں مسلسل ہونے والی بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔بارشوں کا سلسلہ جزیرے منداناؤ میں آنے والے طوفان کے بعد شروع ہوا اور پورے جنوبی فلپائن میں پھیل گیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔ابتدائی طور پر 13 افراد کی ہلاکت کی خبر آئی تھی تاہم امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری رہا اور ایک مقام پر 10 لاشیں ملیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 31 تک جا پہنچی۔ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں میں موسم کی خرابی رکاوٹ بن رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ 50 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔واضح رہے کہ فلپائن میں سالانہ 20 طوفان ساحل سے ٹکراتے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان بھی ہوتا ہے تاہم جنوبی فلپائن ایسا کبھی کبھی ہی ہوتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.