قطر: فائر بریگیڈ مشقوں کے دوران حادثے میں 3 پاکستانی جاں بحق

قطر میں فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے آغاز سے چند ہی ہفتے قبل عالمی مقابلوں کی تیاریوں کے سلسلے میں فائر بریگیڈ مشقوں کے دوران ایک حادثے میں آگ بجھانے والے عملے کے 3 پاکستانی ارکان جاں بحق ہو گئے۔قطری حکام نے بتایا کہ مارے جانے والے تینوں پاکستانی کارکن براہ راست ان کثیر القومی سکیورٹی مشقوں کا حصہ نہیں تھے، جو قطر کے دارالحکومت دوحہ کے قریب جاری ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں کی وجہ بننے والے واقعے کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں مگر بتایا گیا کہ یہ حادثہ 26 اکتوبر کو رات گئے پیش آیا۔مارے جانے والے تینوں پاکستانی شہریوں کے قریبی دوستوں کے بیانات اور ان کے احباب کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تفصیلات کے مطابق یہ تینوں پاکستانی حادثے کے وقت دوحہ کے حمد ایئر پورٹ پر کرین پر سوار تھے وہ کرین گر گئی۔آئندہ فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جو سکیورٹی مشقیں کی جا رہی ہیں، انہیں وطن‘ کا نام دیا گیا ہے اور وہ گزشتہ روز ختم ہو گئی ہیں۔ان مشقوں کے لیے 15 ممالک نے سکیورٹی اہلکار اور ماہرین قطر بھیجے ہیں۔ ان ممالک میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، سعودی عرب، ترکی اور فلسطینی خود مختار علاقے بھی شامل ہیں۔مشقوں میں جنگی طیاروں کی ایمرجنسی پروازیں بھی شامل ہیں اور یہ بھی کہ اگر مثال کے طور پر قطر میں کسی میچ کے دوران کسی فٹ بال سٹیڈیم پر کیمیائی ہتھیاروں سے کوئی حملہ کیا گیا، تو اس سے پیدا ہونے والی صورت حال سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے۔قطر میں فیفا ورلڈکپ ٹورنامنٹ کا آغاز 20 نومبر کو ہو گا اور یہ عالمی مقابلے 18 دسمبر کو اپنے اختتام کو پہنچیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے دوران سکیورٹی کے فرائض انجام دینے کے لیے مختلف ممالک نے اپنے سکیورٹی دستے قطر بھیجے ہیں یا بھیج رہے ہیں۔ترکی سے 3 ہزار سکیورٹی اہلکار پہلے ہی قطر پہنچ چکے ہیں، جو وہاں سلامتی کو یقینی بنانے میں ملکی سکیورٹی فورسز کی مدد کریں گے۔ قطر میں سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے غیر ملکی دستوں میں مراکش اور پاکستان کے سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.