حال ہی میں منتخب ہونے والی برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وزیر داخلہ کے مستعفی ہونے کے بعد اب انگلینڈ کی وزیراعظم نے بھی اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔ لز ٹرس کا کہنا تھا کہ بادشاہ کو اپنے استعفیٰ سے متعلق آگاہ کردیا ہے، موجودہ صورتحال میں مینڈیٹ کے مطابق ڈلیور نہیں کر پائی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک مشکل معاشی صورتحال اور عالمی عدم استحکام کے وقت اقتدار میں آئی تھی، کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے اس صورتحال سے نمٹنے کا مینڈیٹ ملا تھا، جو مینڈیٹ لے کر آئی تھیں اس کے مطابق ڈلیور نہیں کر پائی، اگلے ہفتے پارٹی کی قیادت کے لیے انتخابات ہونگے، متبادل قیادت کا انتخابات ہونے تک وزیر اعظم کی ذمہ داریاں نبھاؤں گی۔خیال رہے کہ لز ٹرس مختصر ترین عرصے تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہیں، انہیں وزارت عظمٰی کے عہدے پر فائز ہوئے ابھی صرف 45 روز ہی ہوئے تھے۔ لز ٹرس سے قبل 1827 میں جارج کننگ محض 119 روز تک برطانیہ کے وزیر اعظم رہے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیر داخلہ سوئیلا بریورمین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئیلا بریورمین نے کہا کہ میں نے غلطی سے سرکاری دستاویز ذاتی ای میل سے ارسال کیں، رولز کے مطابق میں نے غلطی کی اس لیے استعفیٰ دے رہی ہوں۔
تبصرے بند ہیں.