وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت مصدق ملک اور مشیر احد چیمہ نے شرکت کی۔اجلاس کو موسم سرما میں متوقع طلب و رسد، موجودہ حکمت عملی اور آئندہ ماہ میں گیس فراہمی کے لیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیش نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا سابق حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، گزشتہ حکومت کی طرح بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ہر شعبے پر خودکُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی، گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اعداد و شمار اور باتوں کے بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.