ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کے احکامات کی روشنی میں ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے گلزار ہجری اسکیم 33 میں کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے ملزم بابر دوسانی کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ملزم اپنی رہائش گاہ سے ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار چلانے میں ملوث تھا، ملزم کے قبضے سے 14000 برطانوی پاؤنڈ، 17000 امریکی ڈالر اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل سے ٹیلی گرافک ٹرانسفر اور ہنڈی حوالہ سے متعلق فہرستیں برآمد کر لی گئیں، ملزم نے ہنڈی حوالہ کی لین دین کے لیے رائیڈر کی خدمات بھی حاصل کی ہوئی تھیں۔
ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.