عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے

اسلام آباد- پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے۔صحت اجازت دیتی تو سیلاب متاثرین کے پاس ہوتا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارش کی وجہ سے صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔سیلاب متاثرین سے وعدہ ہے کہ ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے وزراء اور ارکانِ اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام کے درمیان رہیں۔انہوں نے یہ کہا کہ سیاست بعد میں ہوتی رہے گی ، یہ سیلاب متاثرین کی بھرپور خدمت کا وقت ہے۔حکومت سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمے داری ضرور پوری کرے گی۔دوسری جانب چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کیلئے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے، بہت تباہی ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں بہت سال لگ جائیں گے۔
نجی ٹی وی نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہا ہوں، کل بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا جب کہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کوریلیف فراہم کرنے کیلئے وفاقی اورصوبائی حکومتیں کوشش کر رہی ہیں، پاک آرمی، نیوی، ایئرفورس اور فلاحی ادارے بھی بحالی کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے، بہت تباہی ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں بہت سال لگ جائیں گے، مخیر حضرات مشکل حالات میں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود ہیں۔

تبصرے بند ہیں.