Latest National, International, Sports & Business News

مفتاح اسماعیل نے کے پی حکومت کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو ملاقات کیلئے بلا لیا

مفتاح اسماعیل آج آئی ایم ایف حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کریں گے اور کے پی حکومت کے خط پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیں گے

اسلام آباد – خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کی جانب سے دو خط لکھنے کے بعد بلا آخر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملاقات کیلئے بلا لیا۔ جیو نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مفتاح اسماعیل نے تیمور جھگڑا کو پیر کو ملاقات کیلئے بلایا ہے،صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے 6 جولائی کو وزیر خزانہ کو پہلے خط لکھا تھا۔
پہلے خط پر کوئی پیشرفت نہ ہونے کے بعد تیمور جھگڑا نے دوسرا خط لکھا،خط میں ضم شدہ اضلاع اور بقایا جات کی مد میں 100 ارب دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ 21 ارب روپے پہلے سے ہی کے پی حکومت کے پاس ہیں،وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آج آئی ایم ایف حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کریں گے،وزیر خزانہ کے پی حکومت کے لکھے گئے خط پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیں گے،آئی ایم ایف کو صوبے کے مالیاتی ایشوز حل کرنے کی پیشرفت پر آگاہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لیا،شوکت ترین نے کہا ہے کہ مفتاح صاحب اگر آپ بجٹ سے اب تک کے پی کے حکومت کے خدشات کو دور کرتے تو تیمورجھگڑا آپ کو خط نہ لکھتے۔ شوکت ترین نے کہا کہ شُتر مرغ نہ بنیں اور اپنی تمام ناکامیوں کا الزام پی ٹی آئی پر ڈالنے کے بجائے ان کو حل کریں۔آپ کی ناکامیوں کو اب آپ کے اپنے ساتھی بھی اجاگر کر رہے ہیں،بہتر ہے کہ مسئلے کو حل کریں۔
اسد عمر نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو پا رہا،وہ ناکامی سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی مشہوری تو نوازشریف بیان کر رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.