پاک فوج کا ہیلی کاپٹرلاپتہ‘اہم شخصیات سوار

کوئٹہ/راولپنڈی:پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں لاپتہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران سوار ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر لسبیلہ کے علاقے میں سیلاب ریلیف آپریشن کا حصہ تھا۔ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر سمیت 6 فوجی افسران سوار ہیں جو سیلاب ریلیف آپریشن کا معائنہ کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں شامل دیگر افسران میں ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، بریگیڈیئر خالد، میجر سعید (پائلٹ)، میجر طلحہ (پائلٹ) اور نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی نے کہا ہے کہ پولیس کی ٹیمیں بھی ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علاقہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے، تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ڈی آئی جی خضدار نے کہا کہ پولیس ٹیمیں موٹر سائیکلوں پر بھی دشوار علاقوں میں تلاش میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ایف سی کا مشترکہ ریسکیو آپریشن 5 گھنٹوں سے جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی کے لئے دعاگو ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر مامور پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کمانڈر 12 کور اور دیگر سوار فوجی افسران کی حفاظت کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت کی جانب سے سرچ آپریشن کی کامیابی کی بھی دعا کی گئی۔ا±دھر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ اللہ تعالیٰ تمام کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ ’پریشان کن خبر ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے، میں اس میں سوار تمام افراد کیلئے دعا گو ہوں۔

تبصرے بند ہیں.