پنجاب میں 11 ٹول پلازوں کو ختم کرنے کی منظوری

لاہور: پنجاب کابینہ نے صوبے میں 11 ٹول پلازوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس ہوا، اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے 11 ٹول پلازہ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری کابینہ کی جانب سے دی گئی۔وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے قیدیوں کی سہولت کے لئے پرزن وینز کو ہوا دار بنانے کی ہدایت دی ہے۔اجلاس میں گندم کی ریلیز پالیسی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب کابینہ نے گندم ریلیز پالیسی میں دو ماہ توسیع، کابینہ کمیٹی برائے گندم تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہے، صوبائی وزیر خوراک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کابینہ کے اجلاس میں پراونشنل اسمبلی آف دی پنجاب استحقاق بل، پراونشنل اسمبلی آف دی پنجاب سیکرٹریٹ سروس بل 2022، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں کارکردگی کی بنا پر توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ پولیس کے لئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کے فیصلے کی بھی توثیق کر دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ فرانزک ماہرین کی استعداد کار بڑھانے اور تربیت کے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ پنجاب کابینہ کی پنجاب اسمبلی سے صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری پر سیاسی و انتظامی ٹیم کو مبارکباد دی گئی۔پنجاب کابینہ کی جانب سے جن ٹول پلازوں کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ان میں سیالکوٹ بائی پاس پر واقع گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ ٹال پلازہ، وزیر آباد بائی پاس پر وزیر آباد سیالکوٹ کشمیر روڈ ٹال پلازہ، ضلع قصور میں کھڈیاں خاص کے مقام پر واقع قصور دیپالپور روڈ ٹال پلازہ، ضلع شیخوپورہ میں مریدکے کے مقام پر مریدکے نارووال روڈ ٹال پلازہ، شیخوپورہ میں برج اٹاری کے مقام پر قائم لاہور، جڑانوالہ، فیصل آباد روڈ ٹال پلازہ، ضلع ننکانہ صاحب میں موڑ کھنڈا کے مقام پر لاہور، جڑانوالہ، فیصل آباد روڈ ٹال پلازہ بھی ختم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ضلع ساہیوال میں ساہیوال، عارفوالہ روڈ پر واقع ٹال پلازہ، ضلع ساہیوال میں ساہیوال پاکپتن روڈ پر واقع ٹال پلازہ، ضلع اوکاڑہ میں دیپالپور قصور روڈ پر واقع ٹال پلازہ، ضلع وہاڑی میں چیچہ وطنی، بوریوالا روڈ پر واقع ٹال پلازہ، ضلع بہاولپور میں بہاولپور حاصل پور، چشتیاں روڈ پر واقع ٹال پلازہ بھی ختم کرنے کی منظور دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.