اسلام آ باد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جس مہنگائی کے خلاف عمران خان احتجاج کر رہے ہیں اس کے ذمہ دار بھی وہ خود ہیں، کل لوگوں نے عمران خان کی انتشار کی کال کو ایک بار پھر مسترد کر دیا۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے عمران خان کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی کم تعداد دیکھ کر عمران خان احتجاج کی کال واپس لے لیتے ہیں، جب لوگوں نے عالمی سازش کے بیانئے کو مسترد کیا تو ان کو مہنگائی یاد آ گئی۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جس مہنگائی کے خلاف عمران خان احتجاج کر رہے اس کے ذمہ دار بھی وہ خود ہیں، ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کے بعد یہ نجات دہندہ بننے کی کوشش کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والا عمران خان حکومت میں کہتا تھا وہ آلو ٹماٹر کی قیمتیں ٹھیک کرنے نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اب پی ٹی آئی کے بیانیے اور انتشار کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں رہی۔
تبصرے بند ہیں.