کراچی:پسماندہ اور غریب ملک کے باسیوں نے شینگن ویزا فیس کی مد میں 45کروڑ روپے سے زیادہ پھونک دیئے۔تبدیلی سرکار نے حکومت بناتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ان کے اقدامات سے دنیا بھر کے لوگ پاکستان میں حصول تعلیم و روزگار کے لیے آئیں گے، لیکن اس کے برعکس ہوا۔صرف گزشتہ برس 26ہزار سے زائد غربت اور مہنگائی کے مارے پاکستانیوں نے شینگن ویزا کے لیے درخواستیں دیں، ویزا فیس کی مد میں پاکستانیوں نے 45کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر ڈالے۔شینگن ویزا شینگن معاہدے والے ممالک میں داخلے کے لیے ایک قسم کا پاس ٹکٹ ہے۔ 1995 میں 7 یورپی ممالک نے شینگن معاہدہ کیا، جس میں مزید 19ممالک بھی شامل ہوگئے، ویزا کے حامل ہر 6ماہ میں 3ماہ کے لیے شینگن ممالک میں آزادانہ نقل و حرکت کرسکتے ہیں۔دیگر ممالک کی ویزاد رخواستیں اس سے کہیں زیادہ ہیں، پاکستان میں بدامنی، بے روزگاری، جعل سازی اور نااہلی کی وجہ سے شینگن ممالک پاکستانیوں کو محدود پیمانے پر ویزے جاری کرتے ہیں۔گزشتہ برس 26ہزار 505میں سے صرف 13 ہزار 586 ویزے جاری ہوئے، جس کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا، جس کے شہریوں کی بڑی تعداد کی شینگن ویزا درخواستیں مسترد کی گئیں ہوں۔گزشتہ برس شینگن کنٹریز میں اسپین پاکستانیوں کا پسندیدہ ملک رہا،11ہزار369 پاکستانیوں نے اسپین کے ویزا کے لیے درخواستیں دیں، جن میں سے صرف 4ہزار 656 ویزا جاری کیئے گئے۔جرمنی پاکستانیوں کا دوسرا پسندیدہ ملک رہا، 3ہزار 790پاکستانیوں نے جرمنی کے سفارت خانے میں ویزا درخواستیں دیں، جن میں سے 2ہزار 961 ویزا جاری کیئے گئے۔
تبصرے بند ہیں.