اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کوچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ن لیگ کی فاشسٹ فطرت قرار دے دیا۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے قبل پولیس ایکشن پر تحریک انصاف کی قیادت کا شدید رد عمل سامنے آیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ غیر جمہوری اور فاشسٹ اقدامات ملک کو انارکی کی طرف دھکیل دیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہمارے دور میں چار لانگ مارچ ہوئے کسی کو نہیں روکا گیا۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے حماد اظہر کے گھر پر دھاوے کوعدالتی فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیا، انہوں نے کہا پولیس گردی سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔رہنما پی ٹی آئی شفقت محمود نے پولیس کے چھاپوں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ حکومت اپنے اصلی رنگ دکھا رہی ہے، کرپٹ درآمد شدہ حکومت لانگ مارچ کو نہیں روک سکتی۔سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت لانگ مارچ سے بوکھلا گئی، پولیس افسران حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے سے باز آ جائیں۔پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کی گرفتاری پر آج اہم اجلاس بلا لیا، ملک بھر سے قافلےاسلام آباد پہنچانے کیلئے حکمت عملی طےکی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.