لاہور (نیوز ڈیسک) آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ نے اپنی سپر ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے صارفین پاکستان میں کسی بھی کووڈ-19 ویکسینیشن سینٹر کے لیے رائیڈ بک کرائیں۔
‘گیڈ ویکسینیٹڈ’ کے نام سے سپر ایپ میں شامل کیے گئے اس نئے فیچر میں ملک میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویکسینز سے متعلق تمام تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔
اس فیچر میں ویکسین کے لیے اہلیت، ملک بھر میں قائم کیے گئے تمام ویکسین سینٹرز کی لوکیشن اور ٹائمنگز بھی شامل ہیں۔
کریم کی سپرایپ کے اس فیچر کے ذریعے صارفین آسانی سے قریبی ویکسینیشن سینٹر پر کال کرکے آسانی سے ٹریفک اور پارکنگ کے تمام مسائل کے بغیر رائیڈ بک کراسکتے ہیں۔
فیس بک پر کریم کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا کہ ہم اس اہم وقت میں آپ کی مدد کے لیے پُرعزم ہیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ کریم ایپ کے ہوم پیج پر موجود ہمارا نیا فیچر ‘گیٹ ویکسینیٹڈ’ حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے تمام کووڈ-19 ویکسینیشن سینٹرز کی تفصیلات فراہم کرتا ہے اور آپ کو محفوط طریقے سے وہاں لے جاتا ہے۔
مزید کہا گیا کہ یہ نوٹ کرلیں کہ آپ اس وقت کریم کی رائیڈ بُک کرائیں کہ آپ میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہ ہوئی ہوں اور گزشتہ 14 روز میں کورونا سے متاثرہ فرد سے رابطےمیں نہ رہے ہوں۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ آپ کریم کی سخت حفاظتی پالیسیوں سے مستفید ہوں گے اور ویکسینیشن سینٹر کی پارکنگ میں ہجوم سے بچیں گے۔
واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جس کے بعد 3 فروری سے کورونا کے خلاف صفِ اول میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کا آغاز ہوا تھا۔
ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے بعد 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کووڈ 19 ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 15 فروری سے ہوا تھا تاہم کچھ تاخیر کے بعد ان کی ویکسینیشن کا عمل 10 مارچ سے شروع ہوا تھا۔
جس کے بعد 26 مارچ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کووِڈ 19 کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.