لاہور (نیوز ڈیسک) چند روز قبل بالی وڈ اداکار عامر خان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اب اداکار پاریش راول بھی عالمی وبا کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔
اداکار پاریش راول نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی پوسٹ میں خود میں کورونا وائرس کی تصدیق سے متعلق بتایا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ ‘بدقسمتی سے میرا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے’۔
پاریش راول نے کہا کہ ‘وہ لوگ جو گزشتہ 10 دنوں میں مجھ سے رابطے میں رہے ان سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنا ٹیسٹ کروائیں’۔
65 سالہ اداکار نے رواں ماہ کے اوائل میں کورونا وائرس کی ویکسین کا پہلا ڈوز لگوایا تھا۔
انہوں نے ویکسین کا پہلا ڈوز لگوانے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ ‘وی سے ویکسینز’۔
پاریش راول نے تمام ڈاکٹرز، نرسز، فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز اور سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
اداکار پاریش راول کی جانب سے وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کے بعد انوپم کھیر، اشوک پنڈت اور دیگر اداکاروں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاریش راول سے قبل 24 مارچ کو مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ ان دنوں گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔
عامر خان سے قبل بگ باس 14 کا حصہ بننے والی اداکارہ نکی تمبولی اور اداکار کارتک آریان بھی کورونا کا شکار ہوئے۔
علاوہ ازیں کورونا کا شکار ہونے والے اداکاروں میں رنبیر کپور، نیتو کپور، ورون دھون، راکول پریت سنگھ، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا شامل ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارتی اداکارہ گوہر خان سے متعلق خبریں تھیں کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں کورونا نہیں ہوا۔
تبصرے بند ہیں.