لاہور( این این آئی )محکمہ اینٹی کرپشن نے پنجاب نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر سابق مئیر سرگودھا اسلم نوید کو گرفتار کر لیا ،سابق مئیر سرگودھا سمیت ٹی ایم اے سرگودھا اور محکمہ ریونیو کے سات افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ،ملزمان کی گرفتاری سرکاری زمین سوسائٹی میں شامل کرنے، نقشہ فیس کی عدم ادائیگی ، اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے پر عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کے مطابق ملزم اسلم نوید نے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی بنا کر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزم نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے سرکاری خزانے کو کم و بیش 39 کروڑ کا نقصان پہنچایا ۔ سابق مئیر سرگودھا اسلم نوید خیابان نوید نامی غیر منظور و غیر رجسٹرڈ شدہ سوسائٹی کا مالک ہے۔ ملزم نے مجاز اتھارٹی سے بغیر نقشہ و انتقالات کی منظوری سوسائٹی بنا کر پلاٹس بیچے۔ ٹی ایم اے سرگودھا کے بلڈنگ انسپکٹر علی عمران اور محکمہ ریونیو کے اہلکاروں سے ملی بھگت کرکے ملزم نے کمرشل پراپرٹی کی بجائے زرعی اراضی درج کروائی۔ ملزم نے 21 کنال رقبہ غیر قانونی طور پر سوسائٹی میں شامل کرکے خزانہ سرکار کو 21کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ پارکس عوامی مقامات کی مدمیں 17 کنال رقبہ سرکاری خزانے کو کم ٹرانسفر کروا کے 17کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ ملزم نے سرکاری خزانے کو کنورژن فیس کی مد میں ایک کروڑ کا نقصان پہنچایا۔
تبصرے بند ہیں.