پارلیمانی رہنمائوں کا ان کیمرہ اجلاس کل ہوگا،شرکاء کو دعوت نامے ارسال

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے اور قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر غورکیا جائیگا

اسلام آباد ( آن لائن) گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے اور قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر غور کیلئے پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس کل ہوگا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ تمام پارلیمانی لیڈرز کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دے دی گئی ہے۔سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت یہ اجلاس دن 2 بجے ان کیمرہ ہوگا جس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے 25 پارلیمانی لیڈر شرکت کریں گے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،اعظم خان سواتی ،طارق بشیر چیمہ ،شیخ رشید،خواجہ آصف ،بلاول بھٹو زرداری ، اسد محمود ،خالد مقبول صدیقی ،خالد حسین مگسی ،غوث بخش مہر ،اختر مینگل ،امیر حیدر ہوتی ،سینیٹر مشاہد اللہ ،سینیٹر شیری رحمان ،سینیٹر محمد علی سیف ، سینیٹر میر کبیر شاہی ، سینیٹر غفور حیدری ،سینیٹر عثمان کاکڑ،سینیٹر سراج الحق ،سینیٹر ستارہ ایاز ،سینیٹر جہانزیب جمال دینی ،سینیٹر مظفر حسین شاہ ،سینیٹر انوارلحق کاکڑ اور سینیٹر اورنگزیب خان کو شرکت کے دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں ۔سپیکر کی خصوصی دعوت پر وفاقی وزراء پرویز خٹک،اعجاز احمد شاہ ،علی امین گنڈا پور ،شفقت محمود ،شبلی فراز ،اسد عمر ،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان،معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف ،اٹارنی جنرل خالد جاوید خان ،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون،وزیراعلی میر افضل ،صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان بھی شرکت کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں دفاع ،خارجہ امور ،داخلہ ،امور کشمیر ،نیشنل سکیورٹی کے سیکرٹری اور اعلی عسکری حکام بھی شرکت کریں گے ،اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر شرکاء کو بریفنگ دی جائے گی خاص طور پر گلگت بلتستان کے انتخابات اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق بھی پارلیمانی جماعتوں کی رائے لی جائے گی ۔

تبصرے بند ہیں.