صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پمز ہسپتال کی درخواست مسترد کر دی

ہسپتال کو تقرری کے عمل سے متعلق رپورٹ 45 دن میں وفاقی محتسب کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پمز ہسپتال کی درخواست مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پمز ہسپتال کی درخواست مسترد کر تے ہوے ہسپتال کو تقرری کے عمل سے متعلق رپورٹ 45 دن میں وفاقی محتسب کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔صدر مملکت نے خلافِ ضابطہ تقرری کرنے پر انکوائری کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے ۔امیدوار عاصم حنیف نے ڈرافٹس مین کے عہدے کیلئے درخواست دی تھی اور تحریری امتحان میں 63 نمبر لے کر اول پوزیشن حاصل کی تھی۔عاصم حنیف کو انٹرویو میں 6 نمبر دے کر فیل کردیا گیا تھا۔عاصم حنیف نے اس نا انصافی کے خلاف وفاقی محتسب میں درخواست دائر کی تھی۔سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ عاصم حنیف کو انٹرویو میں کم نمبر دے کر میرٹ لسٹ میں نیچے بھیج کر نقصان پہنچایا گیا۔تحریری امتحان میں عاصم حنیف سے 15 فیصد کم نمبر حاصل کرنے والی امیدوار کو انٹرویو میں زیادہ نمبر دیے گئے۔دوسرے امیدوار نے تحریری امتحان میں 48 نمبر لئے اور انٹرویو میں 25 نمبر دیے گئے۔عاصم حنیف کی تعلیمی قابلیت بھی دوسری امیدوار سے زیادہ تھی۔عاصم حنیف کی تعلیمی قابلیت ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر کے ساتھ بی ٹیک آنرز تھی دوسرے امیدوار کی تعلیمی قابلیت میٹرک کے ساتھ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر تھی۔

تبصرے بند ہیں.