عمران خان نے انتقام کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کیا،سعد رفیق

حکومت مخالف جلسے اور قافلے اب نہیں رکیں گے

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے انتقام کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کیا،گوجرانوالہ جلسے کے بینرز اتارنے اور پکڑ دھکڑ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ حکومت مخالف جلسے اور قافلے اب نہیں رکیں گے، گوجرانوالہ جلسہ پی ڈی ایم کے رخ کا تعین کرے گا ،ہم نے حکومت کو نہیں کہا کہ بغاوت کے مقدمے واپس لے ، یہ مقدمے تو ہمارے لیے تمغے ہیں۔احتساب عدالت میںپیشی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پرعمران خان جیسی آمریت لے کرآئیں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا کیونکہ عمران خان نے انتقام کے علاوہ کوئی اور کام نہیں کیا۔آزادی اظہار پر پابندی ہے ، اگر آپ بات کریں گے تو دھر لئے جائیں گے ، آپ پرمقدمات بنیں گے ، آپ کو احتساب کے پھندے میں پھنسایا جائے گا ، لیکن یہ پہلی بار نہیں ہو رہا اور اس پر برا نہیں ماننا چاہیے ۔ لاہور ، کراچی موٹر وے 2002ء میں مکمل ہونی تھی لیکن جنرل مشرف آیا تو اس پر کام نہیں ہو سکا ، آج 2020ء ہے لیکن اس کا سکھر ، کراچی کا پیچ مکمل نہیں ہو سکا اور اربوں روپے لاگت بڑھ گئی ہے ، آمرانہ اقدامات کا پاکستان کو کیا فائدہ ہوا بلکہ پاکستان پیچھے گیا ہے ، ایک سبق سیکھا ہے کہ ہم نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا ، اس کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑے آرام سے کہہ دیا جاتا ہے کہ نواز شریف کو مفرور قرار دیدیں ،اس سے کسی کو فرق نہیں پڑتا لیکن ملک کو فرق پڑتا ہے ، عام آدمی کو فرق پڑتا ہے ،اپنا موقف پیش کرنا کون سا غیر قانونی کام ہے ؟ ، غداری کے مقدمے سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ، آپ نے آزادی کشمیر کے وزیر اعظم پر مقدمہ کر دیا ، پھر بتایا جائے مودی سے یاری کس نے نبھائی ہے ، مقدمہ درج کرنے کے بعد حکومت خود ہی بیک فٹ پر چلی گئی ہے ، ہم نے تو نہیں کہا کہ مقدمہ ختم کرو ،یہ مقدمے تو ہمارے لئے تمغے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک گوجرانوالہ جلسے کی اجازت نہیں دی ، بینرز اتارنے اور پکڑ دھکڑ کا کوئی فائدہ نہیںکیونکہ حکومت مخالف جلسے اور قافلے اب نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا جلسہ تاریخی ہو گا جس کی پیپلز پارٹی نے تیاری کر رکھی ہے،حزب اختلاف متحد ہو جائے تو حالات پہلے جیسے نہیں رہتے۔

تبصرے بند ہیں.