لاہور جنرل ہسپتال کے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹراجمل جعلی ڈگری پر گرفتار

ملزم نے1996-97میں ایف ایس سی کی جعلی ڈگری بنوائی، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب

لاہور(آن لائن) اینٹی کرپشن پنجاب نے جعلی ڈگری پر لاہور جنرل اسپتال کے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر اجمل کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب اور موجودہ ایڈیشنل ایم ایس جنرل اسپتال ڈاکٹر اجمل کی ڈگری جعلی نکل آئی،

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ سے ضمانت منسوخی کے بعد اینٹی کرپشن بہاولپور نے ملزم کو گرفتار کرکے پرچہ درج کرلیا ہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ملزم نے 1996ـ97 میں ایف ایس سی کی جعلی ڈگری بنوا کر قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں داخلہ لیا، ماسٹر منظور احمد نامی شخص نے ملزم کو حیدرآباد بورڈ سندھ سے ایف ایس سی کی جعلی ڈگری بنوا کر دی جب کہ ایم بی بی ایس کے تیسرے سال قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور سے تگڑی سفارش کروا کے پنجاب میڈیکل کالج مائیگریشن کروالی۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ پی ایم سی (PMC) نے جب حیدرآباد بورڈ سے ایف ایس سی کی ڈگری کی تصدیق کرائی تو ڈگری جعلی نکلی جب کہ پنجاب میڈیکل کالج نے ملزم کو ایم بی بی ایس کے تیسرے سال ایکسپیل کر دیا تھا جس کے بعد ملزم نے جعلی مائیگریشن لیٹر بنوا کر بقائی یونیورسٹی حیدر آباد کے میڈیکل کالج کے فائنل ائیر میں داخلہ لے لیا اور یوں ایک سال بعد ایف ایس سی کی جعلی ڈگری پر داخلہ لینے پر ایم بی بی ایس ڈاکٹر بن گیا۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے مطابق ملزم نے ڈاکٹری کی ساری تعلیم اور بعد میں ساری نوکری ایف ایس ای کی جعلی ڈگری پر کی، ایف ایس ای میں ملزم کے اوریجنل نمبر 630 ہیں جوکہ میڈیکل میں داخلہ کے لئے انتہائی ناکافی ہیں جب کہ میرٹ لسٹ میں داخلے کے لئے جو ڈگری دکھائی اس پہ ملزم کے نمبر 855 تھے۔

تبصرے بند ہیں.