بھارت میں تین منزلہ عمارت زمین بوس،10افراد ہلاک

ملبے سے 20افراد کو زندہ نکال لیا گیا، دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

ممبئی (مانیٹر نگ ڈیسک )بھارتی میں ممبئی سے متصل شہر بھیونڈی میں 3 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 10 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح بھیونڈی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے 20 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا ، اس دوران عمارت میں رہائش پذیر افراد سو رہے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گرنے والی عمارت 1984 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا جاچکا تھا جبکہ رہائش پذیر افراد کو عمارت خالی کرنے کے لیے نوٹس بھی جاری کیے ہوئے تھے۔ذرائع کا بتانا تھا کہ بلڈنگ میں 21 فیملیز آباد تھیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کے بعد کچھ خاندان بلڈنگ خالی کرکے چلے گئے تھے اور کچھ اسی میں رہائش پذیر تھے۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ گزشتہ ماہ ہوئی شدید بارشوں کے سبب عمارت مزید کمزور ہو گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.