قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں،مراد سعید

چوری کا حساب دینے کیلئے بلایا جاتا ہے تو کارکنان کو ڈھال بنا کر اداروں کو دھمکانے کیلئے آ جاتے ہیں قوم کی لوٹی گئی دولت کا ان کے پاس جواب ہے نا شریفوں کے پاس، سیاست کی آڑ میں قطعاً چوری بچانے کی اجازت نہیں دیں گے

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ پیر کو بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی سیاست کا محور محض اپنی چوری بچانا ہے۔مراد سعید نے کہا کہ چوری کا حساب دینے کیلئے بلایا جاتا ہے تو یہ کارکنان کو ڈھال بنا کر اداروں کو دھمکانے کیلئے آ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور چوری میں ان کے اتحادی شریفوں کو بلوایا جاتا ہے تو وہ اداروں پر حملے کرتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی بحث و مباحثے کا فورم پارلیمنٹ ہے وہاں سے یہ بھاگ نکلتے ہیں، پرچی چیئرمین کو بارہا ٹی وی مباحثے کی بھی دعوت دے چکے ہیں لیکن ان میں ہمت نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ قوم کو شریفوں اور زرداریوں کی سیاسی تقریروں میں نہیں، پوچھے گئے سوالات کے جوابات میں دلچسپی ہے۔مراد سعید نے کہا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت کا ان کے پاس جواب ہے نا شریفوں کے پاس، لیکن سیاست کی آڑ میں قطعاً چوری بچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ رسیدیں پیش کرنے یا قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لوٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.