کراچی (سپو ر ٹس ڈیسک) قومی ہیڈ کوچ مصباح الحق نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوراو گنگولی ٹیم کو جہاں چھوڑ گئے تھے، دھونی اسے مزید بلندیوں پر لے گئے۔ وہ نہ صرف بہترین ٹیم لیڈر بلکہ ایک اچھے انسان بھی ہیں جنہوں نے بھارتی کرکٹ کا چہرہ تبدیل کر کے رکھ دیا۔ ان کی اپنے ملک کیلئے خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دھونی نے کھلاڑیوں کی نفسیات کو تبدیل کیا اور انہیں ذہنی طور پر مضبوط بنایا۔ ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹائٹلز دھونی کی قیادت میں جیتے گئے۔ مصباح الحق کے مطابق وہ بردبار، تحمل مزاج اور ذہین کپتان تھے لیکن بطور کھلاڑی ان میں جارحانہ پن تھا اور میچوں میں وہ ہمیشہ جیت کیلئے بھوکے نظر آتے۔ انہیں ساتھی کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے ہینڈل کرنے کا فن آتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھونی کھیل کی باریکیوں اور جدت سے بھی آگاہ تھے لہٰذا انہوں نے بھارتی ٹیم کو نئے انداز میں تیار کیا۔ سینئر کھلاڑیوں سے چھٹکارا حاصل کر کے جونیئرز کو موقع دیا گیا۔بھارتی ٹیم کا کلچر تبدیل کر نے کا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.