کوئین آف پاپ نازیہ حسن کی 20ویں برسی آج منائی جائیگی

نازیہ حسین نے پندرہ سال کی عمر میں بھارتی فلم ’’قربانی ‘‘کے لیے آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے گانا گایا تھا

لاہور (شوبزڈیسک ) برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی کوئین آف پاپ پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی 20ویں برسی آج (جمعرات )کو منائی جائے گی ۔نازیہ حسین 3اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں ۔نازیہ حسین نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ’’قربانی ‘‘کے لیے ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ‘‘گانا گایا تھا جس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی طے کرتی گئیں۔نازیہ حسن نے اپنے فنی کریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلیں‘‘سے کیا جس میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے، دونوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم بھی حاصل کی۔عالمی سطح پر نازیہ حسن کو اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے ہندوستانی موسیقار بدو کی موسیقی میں فلم قربانی کا مشہور نغمہ ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی‘‘میں آئے ریکارڈ کروایا، اس نغمے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور اس پر انہیں ہندوستان کا مشہور فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شخصیت تھیں۔فلم ’’قربانی‘‘ کے اس نغمے کی مقبولیت کے بعد نازیہ اور زوہیب حسن کا مشہور البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ریلیز ہوا۔ اس کیسٹ نے بھی فروخت اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے، دیگر مقبول البمز میں ’’بوم بوم اور ینگ ترنگ‘‘کے نام شامل ہیں جبکہ اس دوران ان کے گانے ویسٹ انڈیز، لاطینی امریکا، برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی سرفہرست رہے۔نازیہ حسن کینسرجیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئیں اور 13اگست 2000ء کولاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں ۔

تبصرے بند ہیں.