مکہ المکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک )رواں سال حج کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عازمین حج کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور سعودی عرب کے مختلف شہروں سے حاجیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جراثیم کش ادویات سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے تحت صرف مسجد الحرام کے لیے 35 سو ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں۔مسجد الحرام کے انتظامات کی نگرانی کرنے والی خصوصی مجلس کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر مسجد الحرام، اس کے صحن اورمختلف حصے دن میں دس بار مکمل طور پر دھوئے جارہے ہیں۔دوسری جانب حج میں شریک ہونے کے لیے خوش نصیب عازمین کی جدہ آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس سال وبا کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات کی وجہ سے محدود پیمانے پر حج کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صرف ایک ہزار عازمین شریک ہوں گے۔حکومت کی جانب سے جن ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہیں ان میں سے 700 ایسے عازمین شامل ہیں جن کا دیگر ممالک سے تعلق ہے تاہم وہ سعودی عرب ہی میں مقیم ہے۔ اس کے علاوہ حج میں صرف 65 برس سے کم عمر افراد شریک ہو سکیں گے ۔ ان چنیدہ عازمین کے لیے کسی مستقل عارضہ نہ ہونے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔عازمین کی جدہ آمد کے بعد انہیں وزارت حج و عمرہ کی زیر نگرانی مکۃ المکرمہ لے کر جایا جائے گا جہاں وہ عمرہ ادا کریں گے۔ عازمین 30 جولائی کو ارکان حج کی ادائیگی شروع کرنے سے چار روز قبل تک مکہ مکرمہ میں مقیم رہیں گے۔کورونا وائرس کے پیش نظر مسجد نبوی میں بچوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق کورونا کی وجہ سے بچوں کو مسجد نبوی اوراس کے صحنوں میں داخل ہونے پرپابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ اشیاء خرد و نوش اور مشروبات لے کر مسجد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے مگر صرف پینے کا پانی ہر شخص کے لیے اپنے ساتھ لانے کی اجازت ہے۔یاد رہے کہ 31 مئی سے مسجد نبوی کے ساتھ آج سے سعودی عرب کے دوسرے شہروں کی مساجد میں بھی نماز کی باجماعت ادائیگی شروع ہو گئی ہے لیکن مسجد الحرام کو اب تک عام نمازیوں کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر سعودی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرتے ہوئے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی سمیت تمام مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی اور نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد دی تھی۔ سعودی حکومت نے 31 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ دفاتر کھولنے کی اجازت دی ہے جب کہ سعودی حکومت نے ملک بھر کی 90 ہزار مساجد میں جراثیم کش اسپرے بھی کروائے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.