اسلام آباد (کامرس رپورٹر)وفاقی حکومت کے بجٹ پر ملک کے مختلف چیمبرز آف کامرس نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت نے بجٹ کو خوش آئند قرار دے دیا، کہا کہ کورونا وائرس کے باعث صنعتیں شدید مشکلات کا شکار تھیں، ریلیف ملنے سے مہنگائی میں کمی ہو گی۔ دوسری جانب برآمد کنندگان نے حکومت سے برآمدی صنعت کےلیے مراعات دینے کا مطالبہ کیا جب کہ چھوٹے تاجروں نے کہا کہ ریلیف اور ٹیکس فِری بجٹ کے نام پر تاجروں کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہاکہ بجٹ مناسب ہے لیکن اس سے مہنگائی کم نہیں ہو گی جب کہ دیگر تاجروں نے بجٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے کاروباری حالات خراب ہیں، ایف بی آر ٹیکس اہداف پر نظر ثانی کرے۔صدر سرحد چیمبر آف کامرس نےکہا کہ بجٹ میں غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، 2018 سے مسلسل ہمیں ترقی کے لحاظ سے ناکامی ہو رہی ہے۔فیصل آباد چمبر آف کامرس نے کہا کہ بجٹ میں صنعتکاروں اور تاجروں کی تجاویز کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔صدر چمبر آف کامرس رانا سکندر اعظم نے کہا کہ برآمدی سکیٹر کو درامدی ڈیوٹیز کے مد میں ریلیف ملنا چاہیے تھا، تیل سستا ہونے کے باوجود بجلی اور گیس کے ریٹس کم نہیں کیے گئے۔
تبصرے بند ہیں.