موجودہ حالات میں لوگوں کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، حفیظ شیخ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ اس وقت ہماری ترجیح ٹیکس وصولی نہیں بلکہ لوگوں کو ریلیف دینا ہے اور اسی وجہ سے بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ کوشش کریں گے اچھے انداز میں ٹیکس لیں لیکن اس وقت ہماری ترجیح ٹیکس وصولی نہیں بلکہ لوگوں کو ریلیف دینا ہے اس وجہ سے بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ کئی ٹیکس چھوڑے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اپنے اخراجات میں کمی لارہے ہیں، کچھ چیزیں ہمارے بس میں نہیں، ہمیں ماضی کے قرض بھی ادا کرنا ہیں جس سے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکتے۔مشیر خزانہ کا کہنا تھاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کےبارے میں بہت مشکل صورتحال ہوتی ہے، اگر تیل کی قیمت گرتی ہے تو ہماری سوچ یہی رہے گی کہ لوگوں تک فائدہ پہنچائیں کیونکہ اس کا فائدہ نچلے طبقے کو ملتا ہے، اگر تیل کی قیمتیں نہیں گرتیں اور بڑھیں تو ہم پیٹرولیم لیوی کو کم کریں گے کہ تاکہ تمام بوجھ عوام پر نہ جائے۔حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی ترقیاتی اخراجات پچھلے سال سے زیادہ کریں اور ایسی اسکیمیں بنائیں کہ فوری فائدہ نظر آئے اور روزگار کے مواقع بڑھیں یہ ذمہ داری وزارت منصوبہ بندی کو دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.