اسلا آباد (ہیلتھ رپورٹر)پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد خطرناک صورتحاک کی طرف جارہی ہے اور 2 دن سے یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز آنے کے بعد ملک میں کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے کیسز کے قریب پہنچ گئی ہے،اب تک ملک میں سامنے آنے والے ان کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہزار 649 ہوچکی ہے جبکہ 1733 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں،آج ابھی تک سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 402 ہے جبکہ 4 اموات بھی ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے اس وائرس کا آغاز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا تک پھیل گیا اور چین میں اس کے کیسز کی مجموعی تعداد 84 ہزار 160 ہے۔پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس فروری کے آخر یعنی 26 تاریخ کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہی ہے،شروع میں اس وائرس کے پھیلاو¿ اور کیسز کی تعداد میں کمی تھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا اور اب صورتحال تشویشناک دکھائی دے رہی ہے، اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد عرصے میں ملک میں کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 26 اموات ہوئی تھیں، یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق 18 مارچ کو ہوئی تھی۔بعد ازاں اپریل کے مہینے میں اس وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ کے عرصے میں تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں، تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران کیسز کی تعداد میں 54 ہزار کا اضافہ ہوا اور یہ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 1100 سے زائد اموات نے اس تعداد 1520 تک پہنچا دیا، جون کا آغاز بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال سے ہوا تاہم گزشتہ 3 دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ 200 سے زیادہ لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔آج (4 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی جو لوگوں کے لیے ایک امید کا باعث ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا اور وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، سرکاری سطح پر قائم کی گئی ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 356 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 188 سے بڑھ کر 3 ہزار 544 ہوگئی جبکہ اموات بھی 34 سے بڑھ کر 38 تک پہنچ گئیں۔ گلگت بلتستان کی صورتحال ہے جہاں کیسز کی تعداد گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں زیادہ نظر آرہی ہے، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 45 نئے مریض سامنے آئے ہیں، ان نئے مریضوں کے بعد اب تک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 779 سے بڑھ کر 824 ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں آزاد کشمیر اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والا علاقہ ہے اور وہاں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے اس نئے کیس سے مجموعی متاثری 284 سے بڑھ کر 285 ہوگئے ہیں۔تاہم اس صورتحال کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ کورونا وائرس کو شکست بھی دے رہے ہیں جو دیگر کے لیے امید کا باعث ہے، سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1205 مریض صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 923 سے بڑھ کر 30 ہزار 128 ہوگئی۔ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے، اس وقت ملک بھر میں مصدقہ کیسزکی تعداد 83649، اموات 1733، صحتیاب 30128اور فعال کیسز 51788 ہیں ، اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 32 ہزار 910 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 29 ہزار 489 افراد متاثر ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 11 ہزار 373 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 224 ہے، اسلام آباد میں 3544، گلگت بلتستان میں 824 اور آزاد کشمیر میں 285 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے، پنجاب 570، سندھ 555، خیبرپختونخوا 500، بلوچستان 51، اسلام آباد 38، گلگت بلتستان12 اور آزاد کشمیرمیں کل 7 مریض جاں بحق ہوئے ۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی، تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 83 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی، تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد جون کا آغاز بھی مزید اموات کے ساتھ ہوا ہے اور اب تک تعداد 1700 سے زائد ہوچکی ہے، ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
تبصرے بند ہیں.