اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے 2 اموات رپورٹ ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 668 ہوگئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30941 تک جاپہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 245 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 197 اور سندھ میں 189 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان میں 26، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیرمیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک (تا دم تحریر ) پاکستان بھر میں کل 294,894ٹیسٹ اور 8212 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔آج بروز پیر ملک بھر سے اب تک کورونا کے 38 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مزید 2 اموات ہوئی ہیں جن میں اسلام آباد سے38 کیسز ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 38 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے، سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے بتایا کہ 85 سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا، سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 86 ہے اور اب تک 64 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں اتوار کوکورونا وائرس کے مزید 709 کیسز اور 9 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے کی گئی، مرتضیٰ وہاب کی جانب سے سوشل میڈیا جاری بیان میں بتایا گیا کہ سندھ میں 709 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 11480 ہو گئی ہے جب کہ مزید 9 اموات کے بعد ہلاکتیں 189 تک پہنچ گئی ہیں، مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2081 ہوگئی ہے۔پنجاب میں اتوار کو کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 197 ہوگئی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 475 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 11568 تک جاپہنچی ہے، پنجاب میں کورونا سے اب تک 4323 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں اتوار کو مزید 11 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 245 تک جاپہنچی ہے، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 8، مردان، سوات اور بٹگرام میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا، صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 160 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4669 تک جاپہنچی ہے، محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1126 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اتوار کو مزید 2 افراد مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی، ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق اتوار کو کورونا کے مزید 141 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2017 ہوگئی ہے ، انہوں نے بتایا کہ 242 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 12 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 442 ہوگئی ہے، محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 304 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.