اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر )پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 261 ہوگئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 12507 تک جا پہنچی ہے، 261 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 89 افراد انتقال کرچکے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 78 ، پنجاب میں 78 ، بلوچستان میں 10 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 138،147 ٹیسٹ جبکہ 2755 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں ۔ہفتے کو ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 771 کیسز اور 13 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جن میں سندھ میں 287 کیسز اور 3 ہلاکتیں، پنجاب سے 475 کیسز 10 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔صوبے میں آج کورونا کے مزید 287 کیسز سامنے آئے ہیں اور 3 اموات بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی ، وزیراعلیٰ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 اور اموات 78 ہوگئی ہیں، مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔پنجاب سے آج کورونا وائرس کے مزید 475 کیسز اور 10 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 5326 اور اموات 78 ہوگئی ہیں، ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق 768 زائرین، 1922 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 2550 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1096 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں،پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 223 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے 49 کیسز سامنے آئے جب کہ 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی، صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں جمعہ کو 167 نئے کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 89 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1708 ہوگئے ہیں، خیبرپختونخوا میں اب تک 477 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں جمعہ کو 7 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی جب کہ اب تک 213 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 91 ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے، گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں جمعہ کو کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.