کراچی(بیورو رپورٹ )قومی ائیر لائن پی آئی اے کے سی ای او نے امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے امریکی سفیر کو خط لکھ دیا۔سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکی سفیر کو خط میں لکھا ہے کہ کوروناکے سبب فلائٹ آپریشن معطل ہے اس لیے خصوصی پروازیں چلانی ہیں، کورونا کے سبب امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو چارٹر پروازوں سے لانا چاہتے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی واپسی کے لیے امریکی سفارت خانے کی معاونت درکار ہے لہٰذا سفارتخانہ خصوصی اجازت کے لیے امریکی اداروں سے معاملات طے کرانے میں معاونت کرے۔سی ای او پی آئی اے کے خط کے ساتھ امریکی حکام کے پی آئی اے تنصیبات کے معائنے کی تفصیلات بھی منسلک ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن 30 اپریل تک بند ہے تاہم بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے حکومت نے خصوصی طور پر پروازیں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے۔
تبصرے بند ہیں.