ہانگ کانگ (نیٹ نیوز )چین کی خودمختار وفاقی ریاست کا درجہ رکھنے والے ملک ہانگ کانگ کے ارب پتی شخص و سماجی رہنما ایڈرین چینگ نے لوگوں میں ایک کروڑ سے زائد فیس ماسک مفت بانٹنے کا اعلان کردیا، ایڈرین چینگ کا شمار ایشیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے، وہ سونے اور ہیروں کے کاروبار سمیت ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں، ساتھ ہی وہ فلاحی کام بھی کرتے ہیں، ان کی کمپنی نیو ورلڈ ڈویلپمنٹ کے اثاثوں کی مالیت 20 ارب ڈالر یعنی پاکستانی 35 کھرب روپے تک ہے اور وہ ماضی میں بھی کئی فلاحی کام کرتے آئے ہیں۔اگرچہ ہانگ کانگ میں چین کے دیگر صوبوں کے مقابلے کورونا وائرس کے کیسز کم ہیں اور وہاں پر 9 اپریل تک مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ چکی تھی ، تاہم وہاں پر کورونا سے نمٹنے کے لیے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ہانگ کانگ میں کورونا سے 9 اپریل کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد محض 4 تھی، تاہم انتظامیہ نے لوگوں کو فیس ماسک پہننے کی ہدایات کر رکھی ہیں، ہانگ کانگ میں جہاں امیر افراد بستے ہیں، وہیں غریبوں کی بھی بہت بڑی تعداد اس شہر میں رہتی ہے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کے بعد فیس ماسک کی عدم دستیابی سے بھی کئی لوگ پریشان ہیں، جس وجہ سے ارب پتی شخص نے شہر بھر میں فیس ماسک مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایڈرین چینگ اپنی کمپنی نیو ورلڈ ڈویلپمنٹ کے تحت ہانگ کانگ کے 18 اضلاع میں وینڈنگ مشینوں کے ذریعے لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کرے گی۔رپورٹ کے مطابق فیس ماسک کی تقسیم کے لیے بنائی گئی خصوصی وینڈنگ مشینز کوڈنگ کے بعد کسی بھی شخص کو فیس ماسک کا پورا پیکٹ فراہم کریں گی اور مذکورہ منصوبے کا آغاز اپریل کے آخری ہفتے میں شروع کردیا جائے گا۔ارب پتی شخص کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں لوگوں میں کم سے کم ایک کروڑ فیس ماسک تقسیم کیے جائیں گے جب کہ فیس ماسک کی تقسیم کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہنے کا امکان ہے جب تک کورونا وائرس کا خطرہ ختم نہیں ہوجاتا۔
تبصرے بند ہیں.