لاہور (ہیلتھ رپورٹر)کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 4 ہزار 112 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 60 افراد وفات بھی پاچکے ہیں۔ملک میں رواں ماہ کے آغاز سے کورونا وائرس کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ جس تیزی سے متاثرین کی شرح بڑھ رہی اسی طرح اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔8 اپریل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے اور سندھ اور خیبرپختونخوا سے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔صوبہ سندھ میں بدھ کو 50 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کی گئی، سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ 8 اپریل کی صبح 8 بجے تک سندھ میں 10 ہزار 981 ٹیسٹ کیے جاچکے جس میں ایک ہزار 36 افراد کے نتائج مثبت آئے جبکہ 280 افراد صحتیاب ہوئے، خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 986 تھی، انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے صوبے میں مزید 57 نئے کیسز کے بارے میں بتایا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے 24 گھنٹوں سے متعلق معلومات فراہم کی، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 27 کیسز آئے اور اس سے تعداد 527 تک پہنچ گئی،ان کا کہنا تھا کہ ان کیسز کے علاوہ صوبے میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد وہاں تعداد 18 تک جا پہنچی تاہم وزیر صحت کے پی کے نے بتایا کہ صوبے میں 70 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں 2030 کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جو ملک کے کیسز کی مجموعی تعداد کا تقریباً نصف حصہ ہے، اس کے بعد سندھ کے کیسز کی تعداد ہے جو 986 تک پہنچ چکی ہے جبکہ تیسرے نمبر پر خیبرپختونخوا ہے جہاں 527 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، بلوچستان میں اب تک 206 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 211 تک پہنچ چکی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 83 متاثرین ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 19 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ اموات میں سندھ سب سے آگے ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا موجود ہیں، سندھ 20 اموات، خیبرپختونخوا 18 اموات
، پنجاب 16 اموات ، گلگت بلتستان 3 اموات، بلوچستان 2 اموات، اسلام آباد میں ایک جاں بحق ہوا۔ 26 فروری سے اب تک 467افراد اس وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پچھلا آرٹیکل
تبصرے بند ہیں.