کورونا وائرس ، پاکستان میں تعداد 3500 سے بڑھ گئی ، 52 جاں بحق

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس نے اب تک یہاں 3 ہزار 520 افراد کو متاثر کردیا ہے جبکہ 52 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔اب تک اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو 26فروری کو پہلے کیس سے 31 مارچ تک پاکستان میں 2007 کیسز تھے تاہم یکم اپریل سے ان کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے،یکم اپریل سے لیکر اب تک پاکستان میں 1500 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جبکہ انہیں دنوں میں 26 اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو ہوئی تھی اور 31 مارچ تک یہ اموات 26 تک پہنچی تھی تاہم یکم اپریل سے اس میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔مجموعی طور پر ملک میں ریکارڈ کیے گئے 3 ہزار 278 کیسز کو دیکھیں تو ان میں سب سے زیادہ کیسز صوبہ پنجاب میں ہیں جہاں تعداد 1684 تک پہنچ گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں 247 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جو ایک ہی روز میں متاثرین کی سب سے بڑی تعداد تھی۔پنجاب کے بعد متاثرین میں سندھ کا نمبر ہے جہاں 881 افراد متاثر ہوئے ہیںِ، تیسرے نمبر پر خیبرپختونخوا ہے اور وہاں 405 لوگ اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔صوبہ بلوچستان میں 192 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 82، گلگت بلتستان میں 210 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے اور وہاں 16 اموات ہوچکی ہیں جبکہ اس کے بعد سندھ میں 15 ، پنجاب میں بھی 15، بلوچستان میں ایک، گلگت بلتستان میں 3 اموات ہوئی ہیں۔تاہم ان تمام متاثرین اور اموات کے باجود جو چیز متاثرین کیلئے امید کا باعث ہے وہ اس وائرس سے صحتیابی ہے کیونکہ اب تک پاکستان میں 257 افراد وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔آج (6 اپریل) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نئے کیسز سامنے آئے۔سندھ میں پیر کو بھی کورونا وائرس کے 51 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.