نیکٹا کی سربراہی وزیراعظم سے وزیر داخلہ کو منتقل، صدارتی آرڈیننس جاری

صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی سربراہی وزیراعظم سے لے کر وزیرداخلہ کو دے دی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیکٹا ایکٹ میں ترمیم کا آرڈیننس جاری کیا جس کے مطابق نیکٹا کا انتظامی سربراہ اب وزیراعظم نہیں بلکہ وزیر داخلہ ہوگا۔ترمیمی آرڈیننس میں وزیراعظم کے نیکٹا کی سربراہی سے متعلق سیکشن 3 ختم کردی گئی ہے۔ترمیمی آرڈیننس میں نیکٹا ایگزیکٹو بورڈ اور نیکٹا ایگزیکٹو کمیٹی کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے اور نیکٹا ایگزیکٹو بورڈ سے وزیراعظم اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کے نام ہٹادیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی بجائے وزیرداخلہ نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ہوں گے۔بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی)، ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بدستور بورڈ آف گورنرز کے رکن ہوں گے۔بورڈ آف گورنرز میں سیکریٹری داخلہ، دفاع، قانون اور خزانہ رکن ہوں گے جبکہ ماضی میں وزرائے دفاع، قانون اور خزانہ اس کے رکن تھے۔ ترمیمی آرڈیننس کے بعد چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نامزد ایک ایک رکن بھی شامل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.