بزنس کمیونٹی ، غیر سرکاری لوگ بلاخوف کام جاری رکھیں: چیئرمین نیب

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی اورغیرسرکاری لوگ بلاخوف اپنا مثبت کام جاری رکھیں۔ایک اعلامیے میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب غیر جانب دار ادارہ ہے، جو احتساب کا عمل بلاخوف و تفریق جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے خلاف بڑے ناموں پر کبھی مکمل ہاتھ نہیں ڈالا گیا، کرپشن میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ اب ہماری توجہ میگا کرپشن پر ہے،اس کا ا ثربتدریج نچلے درجے کی کرپشن کو بھی کم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک تاثرہے کہ نیب کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو خوف ہے، بزنس کمیونٹی اور غیر سرکاری لوگ بلا خوف اپنا مثبت کام جاری رکھیں۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کا بنیادی کام سرکاری عہدیداروں اور پبلک فنڈ میں کرپشن کے خلاف ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیب کسی طرح ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کے خلاف نہیں، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کو نیب سے کوئی شکایت نہیں ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.