Latest National, International, Sports & Business News

شیخ رشید کا ساری جائیداد یونیورسٹی کیلئے عطیہ کرنیکا اعلان

وفاقی  وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ٹرین کے ذریعے سفر کررہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان بھی نئی چلنے والی ٹرین سر سید ایکسپریس پر سفر کریں گے جبکہ صدر عارف علوی بھی ٹرین پر سفر کرنیوالے ہیں۔انہو ں نے لال حویلی سمیت ساری جائیداد کویونیورسٹی کیلئے عطیہ کرنے کااعلان کر دیا ۔ ریلوے سٹیشن لاہور پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہو ں نے کہا وزیر اعظم عمران خان چین اور ایران کے دورے کے بعد سفیروں اور ان کی فیملیوں کو ریل کے سفر کی دعوت دیں گے جنہیں اٹک خورد تک سفر کروایا جائے گا اورواپسی پر راولپنڈی میں وزیراعظم کی طرف سے ظہرانہ دیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے سیاحت کی ترقی کابیڑااٹھایاہے ، اسی تناظر میں چار سٹیم انجن خیبر پختوانخوا کے حوالے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کی ضمانتوں کے فیصلوں پر کہا میں قانونی ماہر نہیں مگراعتزاز احسن کے انٹرویو کے مطابق ضمانتوں کے ایسے فیصلوں کی دنیا بھر میں تاریخ نہیں ملتی۔انہو ں نے کہا نواز شریف اور زرداری پر جو کیس ہیں، ایک دوسرے کے ادوار کے ہیں۔ انہو ں نے کہا مودی کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں انکی سوچ اور خواہش کے مطابق ووٹ نہ ملے تو وہ پاکستان کے اندرونی حالات خراب کر اسکتے ہیں ، اس کیلئے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں موجود اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کی کوشش کی جائے گی لیکن ہم زندہ دل قوم ہیں، وزیر اعظم عمران خان تمام مسائل پر قابو پا لیں گے ۔ کشمیریوں نے بھارت کے انتخابات کا بائیکاٹ کر کے پیغام دیا ہے کہ ہمیں صرف کشمیر چاہیے اور کچھ نہیں ۔مزید برآں وزیر ریلوے نے اپنی رہائشگاہ لال حویلی سمیت ساری جائیداد کو یونیورسٹی کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا آگے پیچھے کوئی نہیں ہے ۔ایک وقت تھا جب میں لال حویلی کے نیچے کتابیں بیچا کرتا تھا۔یاد رہے حویلی 100 سال سے زائد پرانی ہے ۔اس حویلی کو شاہ راج سہگل نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی ایک رقاصہ باندھ بائی کیلئے تعمیر کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.