بھکر میں جھنگ روڈ پر مسافر بس نے رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اسکول کی 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بھکر میں 9 ویں جماعت کی طالبات امتحان دے کر واپس اپنے گاؤں جارہی تھیں کہ جھنگ روڈ پر مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار بس ان کے رکشے پر چڑھ گئی۔۔حادثہ اتنا سنگین تھا کہ رکشہ ڈرائیور اور 5 طالبات موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ ایک زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ رکشہ اس بری طرح کچلا گیا کہ اس کی باڈی کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا۔
جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں شہری جمع ہوگئے اور معصوم بچیوں کی ہلاکت پر ان میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل افراد نے بس کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے ہجوم کو قابو کیا۔
مشتعل افراد نے واقعے کے خلاف اور ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف جھنگ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کردی۔
تبصرے بند ہیں.