مردان: نمازجنازہ کے دوران خودکش دھماکا،رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 27افراد جاں بحق

مردان: شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 270 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق گزشتہ روز مردان میں قتل کئے جانے والے حاجی عبداللہ نامی ایک شخص کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی کہ خود کش بمبار نے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا دیا، نماز جنازہ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عمران مہمند بھی شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں عمران مہمند بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پشاور کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے شواہد اکٹھے کرلئے گئے اس کے علاوہ خودکش حملہ آور کے اعضا بھی مل گئے ہیں جنہیں دیکھ معلوم ہوتا ہے کہ خودکش بمبار مقامی نہیں بلکہ ازبک تھا۔ واضح رہے کہ عمران مہمند کو شدت پسندوں کی جانب سے شدید خطرات لاحق تھے، انتخابات کے موقع پر ان کے الیکشن آفس پر بھی دہشتگردی ہوئی تھی ، رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی کے لئے سرکاری طور پر دو پولیس اہلکار فراہم کئے تھے اس کے علاوہ انہوں نے نجی گارڈز کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم نواز شریف ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے چIرمین عمران خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.