سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کرلی

عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کر لی۔سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی 460 ارب روپے  سال میں ادا کرے گا،جبکہ 27 اگست تک 25 ارب کی ڈاؤن پیمنٹ دے گا۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پہلے 4 سال میں ڈھائی ارب روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے، باقی رقم 3 سال میں ادا کی جائے گی۔سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ بحریہ ٹاؤن اقساط کی پہلی ادائیگی یکم ستمبر سے کرے گا، جبکہ ڈھائی ارب روپے کی پہلی قسط یکم اگست کو دے گا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن اگراقساط کی ادائیگی میں تاخیر کرے گا تو 4 فیصد سود ادا کرے گا، رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون کے مطابق جس کو دینی ہے دیں گے۔عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ رقم کی ادائیگی سے متعلق بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹر بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے پیشکش قبول کرنے پر کمرۂ عدالت میں تالیاںبجائی گئیں، سپریم کورٹ نے کیس کے متعلقہ لوگوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے روک دیا۔سپریم کورٹ نے پہلے سے تیار ریفرنس کو بھی دائر کرنے سے روک دیا اور کہا کہ اگر بحریہ ٹاؤن والے ڈیفالٹر ہوئے تو ریفرنس دائر کیا جائے گا۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ریفرنس دائر کرنے سے پہلے عدالت کو الگ درخواست دی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.