کابل: افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں جارجیا کے ایک فوجی اڈے پر خود کش بم حملے میں جارجیا کے سات فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے۔ جب خود کش حملہ آور نے بارود سے بھرا ٹرک فوجی بیس سے ٹکرا دیا، نیٹو کی زیر قیادت جارجیا کے فوج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف جنرل المراقلی زینلزی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ ہلمند کے ضلع نوزاد میں جارجین فوجی بیس پر اس خود کش حملے میں 7فوجی مارے گئے، جارجیا کے ملٹری اسٹاف کے سربراہ نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ ہماری بیس پر ہونے والا ایک دہشت گردانہ حملہ تھا جس میں سات فوجی ہلاک جبکہ نو دیگر زخمی ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ خود کش حملہ آور نے ہلمند میں موجود ان کے فوجی اڈے کے باہر بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے اڑا دیا۔ہلمند میں جارجیا کے 1570 فوجی تعینات ہیں۔ افغانستان میں ایک ماہ کے اندر جارجیا کے فوجیوں پر یہ دوسرا حملہ تھا۔ دوسری جانب جارجیا کے صدر میخائل سکاثیولی نے ٹیلی ویژن خطاب میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کی رکنیت کی جانب اپنے سفر میں ان کی قربانیاں یاد رکھی جائینگی، طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے صحافیوں کو بھیجے گئے تحریری پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نیٹو ا ڈے کے اندر ٹرک بم حملے میں بیس غیر ملکی مارے گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے بھارت سے فوجی آلات کی فراہمی کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
تبصرے بند ہیں.