پشاورمیں 10 سالہ طالب علم کو تاوان کیلئے اغوا کرنے والا ٹیچرساتھیوں سمیت گرفتار
پشاور: پولیس نے چند روز قبل اغوا کئے جانے والے 10 سال کے طالب علم کوبازیاب کر کے اسے ٹیوشن پڑھانے والے ٹیچر سمیت اس کے 4 ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ اے ایس پی شرقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 14 اپریل 2013 کو 10 سال کا مغوی تنویر ٹیوشن پڑھنے گیا اور واپس نہیں آیا، پولیس کے مطابق ٹیوشن پڑھانے والے ٹیچر وقاص نے تنویر کو بہلا پھسلا کر اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا بعد ازاں ملزمان نے فون کرکے بچے کے والدین سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کیوں کہ بچہ جس وقت اغوا ہوا اس وقت وہ ٹیوشن پڑھنے گیا تھا لہٰذا شک کی بنا پر ٹیوٹر وقاص کو حراست میں لیا گیا جس نے دوران تفتیش اپنا جرم قبول کرتے ہوئے اغوا کی واردات میں ملوث اپنے مزید 4ساتھیوں کے نام بھی بتادیئے،پولیس نے ملزم وقاص کی نشاندہی پر چاروں ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تاوان کی رقم ایک لاکھ 50 ہزار روپے بر آمد کرکے بچے کو بھی بازیاب کرالیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.