میاں شہباز شریف تیسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

میاں محمد شہباز شریف بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب، انہوں نے 300 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار محمود الرشید نے 34 ووٹ حاصل کئے۔ لاہور: صوبائی اسمبلی میں اراکین نے رائے شماری سے میاں محمد شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کر لیا۔ میاں محمد شہباز شریف 3 چوتھائی سے زیادہ کی اکثریت سے پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہوئے۔ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے دو لابیز بنائی گئی تھیں۔ دائیں جانب والی لابی میاں محمد شہباز شریف جبکہ بائیں جانب والی لابی تحریک انصاف کے امیدوار محمود الرشید کو ووٹ دینے کے لئے مخصوص کی گئی تھی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سپیکر صوبائی اسمبلی رانا اقبال نے سیکرٹری اسمبلی کو ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا۔ گنتی مکمل ہونے کے بعد سپیکر رانا اقبال نے میاں محمد شہباز کی کامیابی کا اعلان کیا۔ میاں محمد شہباز شریف نے 300 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار میاں محمود الرشید نے صرف 34 ووٹ حاصل کئے۔ میاں محمد شہباز شریف نے وزارت اعلیٰ کے لئے سب سے زیادہ ووٹ لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی حیثیت سے میاں شہباز شریف کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی لیگی خواتین نے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.