کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق

کراچی: شہرمیں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 6 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا جب کہ رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا ہے۔ کراچی میں آگ اورخون کاکھیل جاری ہے، سچل کےعلاقے صفورا گوٹھ میں عصمت اللہ نامی شخص کوشرپسندوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، شارع فیصل اسٹار گیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ٹیکسی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے ميں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی، ماڑی پور میں فائرنگ سے سکندر بلوچ جاں بحق ہوگیا جب کہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ملزموں نے اغوا کے بعد سر اور ٹانگوں پر گولیاں مارکر قتل کیا۔ گارڈن اور ناظم آباد سے 2 افراد کی بوری بند لاشیں ملیں جو قانونی کارروائی کے بعد شناخت کےلئے ایدھی سرد خانے میں رکھوادی گئیں جب کہ شہر میں ڈکیتی و رہزنی کی 20 سے زائد وارداتوں میں مسلح افراد نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اوردوسراسامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب رینجرز نے کلفٹن نیلم کالونی، گلبرگ، شیرپاؤ کالونی، ہزار گوٹھ اور پٹھان کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے ڈیڑھ درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا،جب کہ ملزموں سےمختلف اقسام کے ہتھیار، منشیات اوردوسرا سامان بھی برآمد ہوا۔

تبصرے بند ہیں.