رنبیر اور دیپکا کی نئی فلم نے پاکستانی سینماؤں کی رونقیں بحال کردیں
لاہور: بالی وڈاسٹاررنبیرکپوراوردیپکا پڈوکون کی نئی فلم ’ یہ جوانی ہے دیوانی ‘ نے پاکستان کے تمام سینما گھروں کی رونقیں بحال کردیں۔ لاہور کے مقامی سینما گھر میں امپورٹرز کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پریمئرشومیں فلم بینوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی اوررنبیر اوردیپکا کی عمدہ اداکاری کوخوب سراہا۔ فلم کے مختلف مناظر اتنے دلچسپ تھے کہ شائقین فلم تالیوں کے ساتھ سیٹیاں بجاتے ہوئے جھومنے پرمجبورہوتے رہے۔ فلم میں جہاں خوبصورت لوکیشنز دکھائی گئی ہیں وہیں فلم کا میوزک بھی لوگوںکی توجہ کامرکز بنا رہا۔ ایک طرف تورنبیر اوردیپکاپرفلمائے گئے گیت ’’بدتمیز دل‘‘ اور’’پچکاری‘‘ تھے تودوسری جانب بالی وڈ پربرسوں راج کرنے والی وراسٹائل اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ آئٹم سانگ بھی فلم بینوں کوخوب بھایا۔ جس کی وجہ سے فلم کی اختتام پرفلم بین مسکراتے ہوئے سینما گھر سے باہرنکل رہے تھے۔ ہر کوئی رنبیر اوردیپکاکی اداکاری کے ساتھ کہانی ، لوکیشنز اورمیوزک کی تعریف کرتادکھائی دیتاتھا۔ اس موقع پرفلم بینوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم واقعی ہی تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کی کہانی، لوکیشنز، میوزک اورفنکاروںکی اداکاری بہترین ہو۔ اس فلم میں یہ تمام چیزیں شامل تھیں اوراسی لیے ہم لوگ فلم دیکھ کربہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ، بے روزگاری ، مہنگائی کے اس دور میں فلم سب سے بہترین تفریح ہے اور ہم چاہیں گے اسی طرح کی فلمیں سینما گھروں میںنمائش کے لیے پیش کی جائیں۔جہاں تک بات پاکستانی فلموں کی ہے توہم پاکستانی فلموںکے مخالف نہیں ہیں لیکن اب فلم میکنگ میں تبدیلی آچکی ہے جب کہ ہمارے ہاں ایک خاص ٹائپ کی فلمیں بنائی جارہی ہیں جو ایک مخصوص طبقہ ہی دیکھتا تھا مگراب تویوں لگتاہے کہ اس طبقے نے بھی ان فلموںکو دیکھنا بند کردیا ہے لیکن ہمارے فلم میکرز ’’لکیرکے فقیر‘‘ بنے ہوئے ہیں۔ اب اگر یہ لوگ فلم بینوںکو انٹرٹین کرنا چاہتے ہیں توپھر جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیںبنائیں وگرنہ یہ کام چھوڑ کرکوئی اورکام تلاش کرلیں۔ شائقین فلم کا مزید کہنا تھا کہ سینما کا ماحول بہت اچھا تھا اوراسی طرح لاہورکے مختلف علاقوں میں بہترین سینما گھر بن چکے ہیں جہاں پرفیملیزآنے لگی ہے اگراسی طرز پرپرانے سینما گھروںکی تزئین وآرائش کی جائے اورماحول کو تبدیل کیاجائے تویہ لوگوںکے لیے بہترین تفریح ہوگی۔ واضح رہے کہ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی نمائش کے پہلے روزہی سینماہال کے ہاؤس فل رہے ۔ جب کہ ہفتہ اوراتوار کے لیے بھی ایڈوانس بکنگ کرلی گئی ہے۔ سنجیدہ فلمی حلقوں کے مطابق رنبیر اوردیپکاکی جوڑی نوجوان نسل میں بے حدمقبول ہے اورفلم کا سوکروڑ سے زائد کا بزنس ہونے کے امکانات نمایاں ہیں۔
تبصرے بند ہیں.